Popular Posts

Tuesday, April 19, 2016

لعنتی کون لوگ ہیں

لعنت کا معنی و مفہوم امام ابن اثیر رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں :
اصل اللعن، الطرد والایعاد من اللہ 
لعنت کا اصل مفہوم اللہ تعالی کی رحمت سے دوری اور پھٹکار ہے

تو جس پر اللہ کی ہی پھٹکار ہو گئی پھر اس کے لیے کوئی جائے امان نہیں، اس لیے ہم کو ہر ایسے فعل سے بچنا چاہیے جو موجب لعنت ہو،
کن کن لوگوں پر لعنت کی گئی ہے ملاحظہ فرمائیں :
" سودی معاملہ کرنے والے پر لعنت "
حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے سود کھانے والے ،سود لکھنے والے اور سود کی گواہی دینے والوں پر لعنت فرمائی ہے اور یہ سب (گناہ میں) برابر ہیں۔
صحیح مسلم، کتاب المسافاۃ

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :
ایک ایسا وقت آئے گا جب کوئی شخص بھی سود سے بچ نہیں سکے گا اگر وہ بچ بھی گیا تو اس کے غبار اثرات سے محفوظ نہیں رہ سکے گا۔
(سنن ابی داوُد، جلد دوم کتاب البیوع:3331)

"شراب کی وجہ سے دس افراد پر لعنت "
انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے فرماتے ہیں :
رسول پاک صلی اللہ علیہ و سلم نے شراب کے بارے دس افراد پر لعنت کی 
1- کشید کرنے والا 
2- کشید کروانے والا 
3- پینے والا 
4- اٹھانے والا 
5- جس کے لیے اٹھائی جائے 
6- پلانے والا 
7- بیچنے والا 
8- شراب کی قیمت کھانے والا 
9- خریدنے والا 
10- اور جس کے لیے خریدی جائے 
سنن ترمذی، کتاب البیوع 
شراب سے متعلقہ دس افراد پر لعنت کرنے سے پتہ چلتا ہے کہ یہ بہت ہی کبیرہ گناہ ہے، اس حدیث رسول نے شراب کی طرف جانے والے تمام راستے بند کر دیے ہیں، 
اور یہی دین اسلام کا خاصہ ہے کہ نہ صرف برائی کو ختم کرنے کی ترغیب دیتا ہے بلکہ برائی کی طرف جانے والے راستے بھی بند کر دیتا ہے،

"رشوت لینے، دینے والے پر لعنت  "
عبد اللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں :
رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے رشوت دینے والے اور رشوت لینے والے دونوں پر لعنت کی ہے 
سنن ابی داؤد، کتاب الاقضیۃ

" چور پر لعنت "
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا :
چور پر اللہ کی لعنت ہے انڈہ چراتا ہے تو اس کا ہاتھ کاٹا جاتا ہے اور وہ رسی چراتا ہے تو اس کا ہاتھ کاٹا جاتا ہے 
صحیح بخاری، کتاب الحدود

"  اغلام بازی کرنے والے پر لعنت "
رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا :
اللہ تعالٰی نے ایسے شخص پر لعنت کی ہے جس نے قوم لوط والا عمل کیا، 
مسند احمد، 
قوم لوط کا عمل یہ تھا کہ وہ مردوں سے خواہش پوری کرتے تھے، یعنی ہم جنس پرست تھے،

رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا :
میں اپنی امت پر قوم لوط کے عمل سے ڈرتا ہوں 
سنن ابن ماجہ، کتاب الحدود

"عورت کے ساتھ غیر فطری کام کرنے والے پر لعنت "
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے وہ بیان کرتے ہیں :
رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا :
جو خاوند عورت سے اس کی دبر میں دخول کرے وہ لعنتی ہے 
سنن ابی داؤد، کتاب النکاح 
عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ سے مروی روایت کے الفاظ اس طرح ہیں :
اللہ تعالٰی ان لوگوں پر لعنت کرے جو عورت کی دبر میں جماع کرتے ہیں

"مرد و عورت کا ایک دوسرے کی مشابہت کرنا "
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے وہ بیان کرتے ہیں :
رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے عورتوں کی مشابہت کرنے والے مردوں اور مردوں کی مشابہت کرنے والی عورتوں پر لعنت کی ہے، 
صحیح بخاری، کتاب اللباس 
مردوں کا عورتوں کی مشابہت کرنا اور عورتوں کا مردوں کی مشابہت اختیار کرنا یہ فطرت کے مخالف ہے، فساد کا دروازہ کھولنا اور غیر شرعی آزادی کو رائج کرنا ہے، اس لیے ان پر لعنت کی گئی ہے

"اپنے جسم پر مصنوعی، غیر فطری کام کروانے والی عورتوں پر لعنت "
عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے خوبصورتی کے لیے گودنے والیوں، گدوانے والیوں، چہرے کے بال اکھاڑنے والیوں، اور سامنے کے دانتوں کے درمیان خوبصورتی کے لیے کشادگی کرنے والیوں، جو اللہ کی پیدائش میں تبدیلی کرتی ہیں ان سب پر لعنت بھیجی، تو ایک عورت آئی اس نے کہا، تم ایسا ایسا کرنے والی عورت پر لعنت کرتے ہو؟ 
عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے کہا، آخر میں کیوں نہ ان پر لعنت بھیجوں جن پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے لعنت بھیجی........ 
صحیح بخاری، کتاب التفسیر

"بہت زیادہ قبرستان جانے والی عورت پر لعنت "
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے وہ فرماتے ہیں :
یقیننا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے (بکثرت) زیارت قبور کرنے والی عورتوں پر لعنت کی ہے 
سنن ترمذی، کتاب الجنائز

" حقیقی باپ کے علاوہ کی طرف نسبت کرنے والے پر لعنت "
حضرت علی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں رسول پاک صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا :
اور جس نے اپنے باپ کے علاوہ کسی اور کی طرف نسبت کی یا اپنے مالکوں کو چھوڑ کر کسی غیر کی طرف نسبت کی، اس پر اللہ تعالٰی، فرشتوں اور سب لوگوں کی لعنت ہے، قیامت کے دن اللہ تعالی ان کی فرضی، نفلی کوئی عبادت قبول نہیں کریں گے 
صحیح مسلم، کتاب الحج

" مومن کو قتل کرنے والے پر لعنت "
اللہ تعالی کا فرمان ہے :
اور جو کوئی کسی ایمان والے کو جان بوجھ کر قتل کر ڈالے اس کی سزا جہنم ہے جس میں وہ ہمیشہ رہے گا، اس پر اللہ تعالٰی کا غضب اور اس کی لعنت ہے اور اس (اللہ) نے اس کے لیے بڑا عذاب تیار کر رکھا ہے 
النساء، 93

"حق چھپانے والے پر لعنت" 
اللہ تعالی کا فرمان ہے 
جو لوگ ہمارے حکموں اور ہدایتوں کو جو ہم نے نازل کی ہیں (کسی غرض فاسد سے) چھپاتے ہیں باوجود یہ کہ ہم نے ان لوگوں کے (سمجھانے کے) لئے اپنی کتاب میں کھول کھول کر بیان کردیا ہے۔ ایسوں پر خدا اور تمام لعنت کرنے والے لعنت کرتے ہیں
البقرہ، 159

" چار لعنتی آدمی "
ابو الطفیل عامر بن واثلہ کہتے ہیں کہ میں علی رضی اللہ عنہ کے پاس بیٹھا تھا کہ اتنے میں ایک شخص آیا اور کہنے لگا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم آپ کو چھپا کر بتلاتے تھے؟ 
یہ سن کر علی رضی اللہ عنہ غصہ میں آ گئے اور کہنے لگے کہ نبی کریم نے مجھے کوئی ایسی چیز نہیں بتلائی جو دوسرے لوگوں سے چھپائی ہو مگر آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے مجھ سے چار باتیں فرمائیں، 
وہ شخص بولا کہ اے امیر المومنین! وہ کیا ہیں؟ 
علی رضی اللہ عنہ نے کہا رسول پاک نے فرمایا :
اللہ تعالٰی اس شخص پر لعنت کرے جو اپنے باپ پر لعنت کرے، 
اللہ تعالٰی اس پر لعنت کرے جو اللہ کے سوا اور کسی کے لیے زبح کرے 
اللہ تعالی اس پر لعنت کرے جو کسی بدعتی کو جگہ دے 
اللہ تعالی اس پر لعنت کرے جو زمین کے نشان کو بدل دے، 
صحیح مسلم، کتاب الاضاحی

No comments:

Post a Comment

Majlis e zikar

" />If you cannot see the audio controls, If you cannot see the audio controls, listen/download the audio file here">listen/download the audio file here